ویکیپیڈیا:غیر فعال منتظمین
اس صفحہ میں اردو ویکیپیڈیا کی حکمت عملی بیان کی گئی ہے، جسے ویکی نویسوں میں انتہائی مقبولیت حاصل ہے نیز یہ تمام صارفین کے لیے واجب الاتباع معیار بھی ہے۔ آپ اس صفحہ میں ترمیم کرسکتے ہیں، لیکن خیال رہے کہ آپ کی کوئی ترمیم کسی اتفاق رائے کے خلاف نہ ہو۔ |
یہ حکمت عملی اردو ویکیپیڈیا کے منتظمین کی معزولی کے عمل اور شرائط کی وضاحت کرتی ہے۔ یہ حکمت عملی جنوری 2024ء میں ہوئے اردو ویکیپڈیا برادری کے اتفاق رائے سے طے پائی اور اس کی اتباع لازمی ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت رائے شماریاں صرف اختلافی یا متنازع معزولی تک محدود ہیں۔ غیر فعال منتظمین کی معزولی کے لیے رائے شماری غیر ضروری ہے۔
حکمت عملی
[ترمیم]ایسے منتظمین جن میں درج ذیل شرائط پائی جاتی ہیں، انھیں غیر فعالی کے تحت معزول کر دیا جائے گا۔ منتظم بنے رہنے کے لیے ایک منتظم کے لیے ضروری ہے کہ گزشتہ چھ ماہ سے اس نے کم سے کم سو ترامیم کی ہوں اور گزشتہ چھ ماہ کے دوران میں کم سے کم بیس انتظامی امور پر عمل در آمد کیا ہو۔ ایسے منتظمین غیر فعالی کے تحت معزول ہوں گے جنھوں نے:
- گزشتہ چھ ماہ سے کوئی عمومی ترمیم یا کوئی بھی انتظامی عمل انجام نہ دیا ہو۔
- گزشتہ چھ ماہ کے دوران میں بیس سے کم انتظامی امور پر عمل در آمد کیا ہو۔
- گزشتہ چھ ماہ کے دوران میں 100 سے کم ترامیم کی ہوں۔
انتظامی آلات کا غلط استعمال کرنے والے یا دیگر اختلافی وجوہات کی وجہ سے کسی صارف کی نظر میں آنے والے منتظمین اس حکمت عملی سے مستثنی ہیں۔ اس کے لیے متعلقہ صارف کے لیے لازمی ہے کہ ویکیپیڈیا:دیوان خاص میں شکایت درج کرے تاکہ برادری اس منتظم کی ترامیم و نوشتوں کا جائزہ لے۔ اتفاق رائے کے بعد معزولی کے لیے رائے شماری شروع کی جائے گی اور کامیاب رائے شماری کے بعد میٹا ویکی پر مضیفین سے حق سلبی کی درخواست کی جائے گی۔
معزولی کا طریقہ
[ترمیم]جن منتظمین کی معزولی کے لیے برادری نے اس حکمت عملی کے طے پانے سے قبل رائے شماری سے اتفاق رائے حاصل کر لیا ہو، ان سے مضیفین سے حق سلبی کی درخواست جواز رکھتی ہے۔ تاہم مستقبل میں معزولی کا درج ذیل طریقہ واجب الاتباع ہے:
- اگر پانچ ماہ تک کوئی منتظم غیر فعال رہتا ہے (اس میں ویکی بان شامل نہیں)، تو اسے اس کے تبادلہ خیال پر پیغام ارسال کریں کہ اس کے انتظامی حقوق سلب ہونے کا خدشہ ہے۔
- اگر اگلے ایک ماہ تک وہ منتظم اس پیغام کا جواب دے کر اس حکمت عملی میں واضح کیے ہوئے معیارات کے تحت اپنے فعالی واضح کرتا ہے تو اسے انتظامی حقوق سے معزول نہیں کیا جاسکتا۔
- اگر کوئی جواب نہیں ملتا اور نہ ہی ایسے منتظم کے نوشتوں سے کسی انتظامی کارروائی کا ثبوت ملتا ہو تو میٹا ویکی پر مضیفین سے اس کی معزولی کی درخواست کرنی چاہیے۔ یاد رہے کہ اس حکمت عملی کا ربط دینا لازمی ہے۔
- ایک مضیف اس حکمت عملی کے تحت غیر فعال منتظم سے انتظامی اختیار سلب کرے گا۔ تاہم، اگر وہ منتظم دوبارہ انتظامی حق حاصل کرنا چاہتا ہے تو اسے دوبارہ رائے شماری سے اتفاق رائے حاصل کرنا ہوگا۔